دنگل‘‘ ایک جذباتی اور تفریحی فلم ہونے کے ساتھ ساتھ احتجاجی آواز بھی

 ۲۳ ؍ دسمبر کو ریلیز ہوئی ’’ دنگل ‘‘ ایک ایسی فلم ہے ، جس میں لڑکیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور لڑکیوں کو مناسب ماحول فراہم کرنے کااشارہ بھی دیا گیاہے ۔ ’’دنگل‘‘ محض ایک تفریحی فلم ہی نہیں، بلکہ لڑکیوں کے ساتھ ہورہے امتیازی سلوک پر ایک  احتجاجی آواز ہے۔
عامر خان کے مطابق لڑکیوں کو مردوں کے مقابلے میں کسی بھی شعبہ میں کم تر نہیں سمجھنا چاہیے اور لڑکیوں کو ہر میدان میں آگے بڑھنے میں مدد کرنا چاہیے۔ ’’دنگل‘‘ ایک بائیوگرافک اسپورٹس ڈرامہ فلم ہے اور اس فلم کی کہانی صرف اتنی ہی ہے کہ لڑکیوں کی پیدائش سے نااُمید مہاویر سنگھ پھوگاٹ ایک واقعہ کے بعد کس طرح اپنی بیٹیوں کو ورلڈ کلاس پروفیشنل ریسلرس کے طور پر تیار کرتے ہیں جبکہ وہ انڈیا ریسلنگ میں گولڈ میڈل ہارنے کے بعد یہ امید قایم کرتے ہیں کہ اگر اُنہیں لڑکا ہوا تو وہ یہ اعزاز حاصل کرے گا اور ان کی دلی تمنا پوری ہو جائے گی، لیکن جب ان کی بیوی لڑکی کو جنم دیتی ہے تو وہ مایوس ہوجاتے ہیں۔ وہ نہیں سمجھتے کہ لڑکیاں ریسلنگ جیت سکتی ہیں۔ اس فلم کے ہدایت کار نتیش تیواری کا کہنا ہے کہ اس موضوع پر کام کرنے کے لیے انہیں کافی محنت کرنی پڑی۔ عامر خاں نے جہاں اس فلم میں مہاویر سنگھ پھوگاٹ کا مرکزی کردار نبھایا ہے، وہیں ان کی بیوی دَیا شوبھا کور (ساکشی تنور) نے بھی بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ فلم میں فاطمہ ثناشیخ، سانیہ ملہوترا نے دونوں بیٹیوں کے کردار نبھائے ہیں۔ عامر خاں کو ہریانوی زبان سیکھنی اور ریسلنگ کی تربیت حاصل کرنا پڑی اور اکثر  اپنا وزن بڑھانا اور کم کرنا پڑا۔ عامر خاں کے اس فلم میں دو روپ دکھائے گئے ہیں جس میں تقریباً ۸۰؍ فیصد میں وہ ادھیڑ عمر کے ریسلر ہیں تو۲۰؍ فیصد حصے میں جوان دکھائی دے رہے ہیں ۔ جذبات کو چھو لینے والی یہ فلم تفریح سے بھرپور ہے۔ امیتابھ بھٹا چاریہ کےنغمے بھی پسند کیے جا رہے ہیں۔ سانیہ ملہوترا نے کہا کہ اس فلم میں کام کرنا ایک بہترین تجربہ رہا۔ والٹ ڈِزنی پکچرس، عامر خاں پروڈکشن اور یوٹی وی موشن پکچرس کے بینر تلے بنائی گئی اس فلم کو عامر خاں، کرن راؤ اور سدھارتھ رائے کپور نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس کی موسیقی سے پریتم نے سجایا ہے۔
Please follow and like us:
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Facebook Auto Publish Powered By : XYZScripts.com