تیز رفتار دور میں اپنے دماغ اور بینائی کو تیز رکھیں ، ورنہ ؟؟؟

تیز رفتار دور میں اپنے دماغ اور بینائی کو تیز رکھیں ، ورنہ ؟؟؟

ان دنوں کسی بھی کلپ کی ایڈیٹنگ کا کام بڑی آسانی سے ہو رہا ہے، ایسی بہت سی کلپ سوشل میڈیا پر نظر آتی ہیں ۔ اا؍ فروری ۲۰۱۸ ؍ یعنی کل ہی ایک ملیالی فلم ’’اورو ادار لو‘‘ کا ٹریلر آیا ، جس کے رائٹر ڈائریکٹر اومر لولو ہیں ۔ٹریلر میںکسی کالج کے ہال کا منظر ہے، جس میں ایک لڑکا ابرو کا اشارہ کرتا ہے، جس کے جواب میں لڑکی بھی ابرو کا اشارہ کرتی ہے، اس کے ساتھ ایک نغمہ چل رہا ہے، اس نغمے کو گایا ہے ، وینیت سری نواسن نے اور کمپوز کیا ہے شان رحمٰن نے ۔ یہ نغمہ یو ٹیوب پر اول نمبر پر ہے ، جسے ۲۰؍ گھنٹے میں ۵۰؍ ہزار لائک ملے اور ایک ملین ناظرین نے دیکھا ہے ۔ صرف ایک دن میں اس کی ڈیجیٹل پینٹنگ بھی بنائی گئی ۔اسے خاص طور سے لوگوں نے اس لیے بھی دیکھا یا پسند کیا کہ اس میں لڑکی کی ابرو اٹھانے کا انداز اور جو خوبصورت ادا ہے ، وہ سب کے دل کو بھا گئی۔
قارئین یہ معلومات فراہم کرنے کی اہم وجہ یہ ہے کہ اس سے آگے ،معاملہ مزید غور طلب ہے ۔
یہ تیز رفتار الیکٹرانک دور ہے ، اس لیے اس دور کا کھلی آنکھوں اور تیز دماغ کا استعمال کر کے ساتھ دینا بھی ضروری ہے ۔ لہٰذا ، موبائل فون اب عام بات ہے ۔ گاؤں دیہاتوں سے بھی پی سی او ختم ہوتے جا رہے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ملیا لی فلم کا یہ ٹریلر اس قدر شہرت حاصل کر گیا ۔ اسی کے ساتھ اس ٹریلر کی ایڈیٹنگ کر کے اس لڑکی اور لڑکے کا چہرہ بدل کر کچھ اور چہرے لگائے گئے اور دوسری زبانوں کے نغموں کی ڈبنگ کی گئی ۔ کسی نے لڑکے کی جگہ مشہور اداکار مسٹر بین کی شکل بھی لگا دی ، یہی نہیں کچھ ایڈیٹنگ کے ماہرین نے پورے منظر کا مطلب ہی بدل کر رکھ دیا ۔ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹے میں ایڈیٹنگ کے ۲۴؍ بہترین نمونے منظر عام پر آ چکے ہیں ۔ یہ سب یوٹیوب پر موجود ہیں ۔
اب غور طلب بات یہ ہے کہ ہم اکثر سوشیل میڈیاپر اشتعال انگیز ویڈیو دیکھتے ہیں اور کچھ لوگ بغیر تحقیق و تصدیق کے انہیں آگے بڑھاتے رہتے ہیں ، اس سے گریز کرنا چاہیے ۔ سوشل میڈیا معلومات فراہم کرنے کا ایک بہترین اور تیز رفتار ذریعہ ہے ، مگر اس کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے ۔ اگر کوئی شرپسند انسان شرارتاً کوئی فرضی ویڈیو اپ لوڈ کر تا ہے، تو اسے بغیر کسی تحقیق و تصدیق کے ہر گز نہ پھیلا یا جائے ، اس صورت میں اگر عوام میں بے چینی ، غم و غصہ پیدا ہو جائےیا فساد برپا ہو جائے ، تو سمجھ لیجیے شر پسند اپنی سازش میں کامیاب ہو گیا اور معصوم لوگ مصیبت کا شکار ہو گئے ۔ اس لیے کسی بھی ویڈیو کوسوشیل میڈیا پر وائرل کرنے سے پہلے اس کی تصدیق یا تحقیق کر نا ضروری ہے ۔ بہتر یہ ہے کہ سوشل میڈیا کو سچی باتوں ، اچھی خبروں اور اچھے پیغامات کے لیے استعمال کیا جائے ۔یہ الیکٹرانک دور ہے ، بہت تیز رفتار ہے ، اس لیے اپنی آنکھوں اور ذہن کو کھلا رکھیں ، ہر سازش کو سمجھنے کے لیے تیز بینائی اور تیز دماغ کی ضرورت ہے ۔

تحریر پسند آئے ، تو لائک اورشیئر ضرور کیجیے

Please follow and like us:
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Facebook Auto Publish Powered By : XYZScripts.com