قومی خبریں ایک نظر میں

مسلم مخالف بیان پر ساکشی مہاراج کی سرزنش
نئی دہلی :الیکشن کمیشن نے ایکبی جے پی رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کے اس متنازع بیان پر سرزنش کی کہ انہوں نے آبادی میں اضافہ کے مسلمانوں کو مورد الزام ٹہرایا تھا۔
الیکشن کمیشن نے سرزنش کے ساتھ انہیں تنبیہ بھی کی ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کےلیے محصلہ اختیارات کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انتخابات کے نگراں کار ر ادارہ نے کہا کہ وجہ بتاؤ نوٹس پر رکن پارلیمنٹ کا جواب اطمینان بخش نہیں تھا، جبکہ سریم کورٹ کے حالیہ ایک فیصلہ کی روشنی میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران مذہبی فرقوں میں منافرت پیدا کرنے والا کوئی بھی بیان انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

آر جے ڈی لیڈر کے گھر پر انکم ٹیکس کا چھاپہ
پٹنہ: انکم ٹیکس عہدیداروں نے راشٹریہ جنتا دل کے سابق ایم ایل سی انوراحمدکی قیامگاہ پر دھاوا بول دیا،جوکہ پارٹی صدر لالو پرسادیادو کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں ۔ پٹنہ میں واقع سبزی باغ میں انور احمد کی قیامگاہ پر انکم ٹیکس کے۶؍ عہدیداروں نے اچانک کارروائی شروع کر دی، لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ تلاشی کے دوران یا اس اچانک کارروائی میں کیا دستیاب ہوا۔ لالو یادو کے قریبی دوست احمد کے کئی تعلیمی ادارے ہیں اور انکم ٹیکس کے اس چھاپے کا مقصد نوٹ بندی کے بعد ٹیکس ادائیگی کے دستاویزات کا جائزہ لینا تھا۔

کانکنی حادثہ کے دروان ۳؍ مزدور ہلاک
جے پور: راجستھان کے ضلع ناگور کے گوٹن تھانہ علاقے میں اچانک ایک کان کے بیٹھ جانے سے تین مزدور دب کر ہلاک ہو گئے۔کان کے بیٹھ جانے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچنے والی پولیس اور انتظامی افسران نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا اور مزدوروں کو بچانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ۔پولیس کے مطابق گزشتہ شام تھانہ علاقے کے گھنٹیا میں بجری کے کان میں بجری نکالتے وقت کان کے اچانک بیٹھ جانے سے تین مزدور جے پی سنگھ، علیل خاں اور کالو رام بجری میں دب گئے ۔

ہماچل کا کیلانگ سب سے سرد مقام رہا
شملہ: ہماچل پردیش میں شدید سردی کا قہر جاری ہے اور کیلانگ سب میں سب سے زیادہ سردی رہی، جہاں کم از کم درجہ حرارت صفر سےنیچےنفی ۱۵ ؍ڈگری درج کیا گیا۔ اسی طرح کنور کے کالپا میں درجہ حرارت صفر سے ۸؍ ڈگری نیچے اور منالی میں صفر سے۲:۷ڈگری نیچے رہا۔ سندرنگر میں درجہ حرارت صفر سے ایک ۸:۱؍ڈگری، کلو ضلع کے بھنتر میں عشاریہ ۸؍ڈگری، شملہ اور سولن میں منفی صفر اعشاریہ۶؍ڈگری کانگڑا میں منفی صفر اعشاریہ۳؍ڈگری ، اونا ایک ۴:۱؍ڈگری اور ناھن میں صفر عشاریہ ۷؍ ڈگری منفی میں درج کیا گیا۔ان علاقوں میں لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیاء ، پانی اور دیگر ضروری اشیاء کی کمی ہو گئی ہے اور ضلع انتظامیہ کی ان تک رسائی نہیں ہو پا رہی ہے۔

پنجاب میں بی جے پی کے ۱۷؍امیدواروں کا اعلان
نئی دہلی: بی جے پی نےجب پنجاب میں پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ، تو ۶؍ نشستوں کے لیے ، جہاں پر پارٹی کے موجودہ ارکان اسمبلی ہیں ، اس کا اعلان نہیں کیا۔ جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ہو سکتا ہے ،انہیں ٹکٹ سے محروم کردیا جائے گا۔۶؍ نشستوں میں۴؍ ایس اے ڈی ۔ بی جے پی حکومت کے وزراء نمائندگی کرتے ہیں جس میں۲؍ارکان کو ۷۵؍سال سے زائد عمر ہونے پر سبکدوش کردیا جائے گا۔

ایئر انڈیا کی پرواز میں۶؍ نشستیں  خواتین کے لیے مختص
نئی دہلی: سرکاری طیارہ خدمات کمپنی ایئر انڈیا نے اپنی تمام گھریلو پروازوں میں چھ نشستیں خواتین کے لیے مخصوص کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔کمپنی کے ایک سینئر افسر کے مطابق تمام گھریلو پروازوں میں خواتین کے لیے چھ نشستیں مختص ہوں گی۔ اس سے کسی اچانک ضرورت کے پیش نظر آخری وقت میں سفر کا منصوبہ بنانے والی خواتین کو سفر میں آسانی ہوگی۔

لوہڑی ، مکر سنکرانتی اور پونگل پر صدر جمہوریہ کی مبارکباد
نئی دہلی: صدرجمہوریہ پرنب مکھرجی نے لوہڑی اور مکر سنکرانتی اور پونگل کے تہواروں پرملک کے عوام کو مبارکباد دی ہے ۔اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا ہے کہ لوہڑی ، مکر سنکرانتی اور پونگل کے خوشی کے موقع پر میں ہندستان اور بیرون ملک تمام ہندستانی شہریوں کو مبارکباداور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ خیال رہے کہ لوہڑی ۱۳؍جنوری کومنائی جائے گی جب کہ مکر سنکرانتی اورپونگل ۱۴؍جنوری کو منائے جائیں گے ۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ لوہڑی ، مکر سنگرانتی اور پونگل ، تازہ فصل کے سبب خوشی اور خوشحالی کی علامت ہیں۔ خدا کرے کہ ان تیوہاروں سے ہمارے سماج کے سبھی طبقے محبت ، ہمدردی اور خوشی کے جذبے کے ساتھ یکجا ہوں۔ خدا کرے کہ یہ تہوار جو ہمارے کسانوں کی محنت کے جشن اور فطرت کے تئیں شکرگزار ہونے کے لیےمنا ئے جاتے ہیں ، ہرشخص کی زندگی میں خوشیاں ، امن اور خوشحالی لے کر آئیں۔

راہول گاندھی اور نوجوت سدھو کی ملاقات
نئی دہلی:کرکٹر سے سیاستداں بن جانے والے نوجوت سنگھ سدھو نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی جبکہ پارٹی لیڈر کا کہنا ہے کہ سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کسی بھی وقت پارٹی میں شمولیت کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے اور توقع ہے کہ وہ پنجاب میں اہم رول ادا کریں گے جہاں پر۴؍فروری کو اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔ دونوں لیڈروں کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے پارٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ ملاقاتگزشتہ روز ۳۰:۳؍بجے تقریباً دیڑھ گھنٹے تک جاری رہی ۔ اس دوران پارٹی میں شمولیت کے طریقہ کار اور پارٹی میں مستقبل کے رول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل دونوں کی ملاقات فزشتہ دسمبر میں ہوئی تھی۔ ذرائع نے بتایاکہ سدھو نے حلقہ اسمبلی مشرقی امرتسر سے مقابلہ کی خواہش ظاہر کی ہے جہاں سے فی الحال ان کی اہلیہ نوجوت کور نمائندگی کرتی ہیں۔یہ بھی قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ سدھو نے ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ طلب کیا ہے، لیکن صدر پنجاب کانگریس امریندر سنگھ نے اس کی تردید کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ غیر مشروط کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔

زانیوں کے لیے سزائے موت
چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان کا بیان
بھوپال:چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے خواتین کے خلاف گھناؤنے جرائم میں اضافہ کے پس منظر میں زانیوں کو سزائے موت دینے کی حمایت کی ہے۔
ضلع ہوشنگ آباد کے موضع سندھیا میں جاری نمامی دیوی نرمدے،سیوا یاترا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں یہ مباحثہ کروایا جائے کہ زانیوں کو سزائے موت دینے کے لیے سخت گیر قانون بنایا جائے ۔خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ دستور میں ترمیم کے ذریعہ ایک سخت قانون نافذ کیا جائے ۔

Please follow and like us:
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Facebook Auto Publish Powered By : XYZScripts.com