ممبئی ،حج ہاؤس میں خصوصی تقریب، مختار عباس نقوی کا خطاب ممبئی

ممبئی ، حج  ہاؤس میں خصوصی تقریب، مختار عباس نقوی کا خطاب۲۴؍جنوری درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ
ممبئی: مختار عباس نقوی( وزیر مملکت برائے اقلیتی امور،آزادانہ چارج) نے کہا کہ اقلیتی وزارت اور حج کمیٹی آف انڈیا نے آئندہ حج کی تیاریاں بہت پہلے سے شروع کر دی تھیں، تاکہ حاجیوں کو سفر حج کے دوران کسی قسم کی پریشانی یا دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑے ۔ممبئی میںحاجی سابو صدیق مسافر خانہ روڈ پر واقع مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے نوتعمیردفتر کے افتتاح کے موقع پرمختار عباس نقوی نے کہا کہ حاجیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرانا حکومت اور دیگر ایجنسیوں کی ذمہ داری ہے ۔ہماری وزارت اس سلسلے میں جنگی پیمانے پر کام کر رہی ہے ۔مرکزی وزیر نے مزیدکہا کہ ہر ریاست میں حج ہاؤس بنائے جانے چاہئیں۔اس کے لیے ہماری وزارت ہر ممکن مددکے لیے تیار ہے ۔ ہم نے ریاستی حکومتوں کو اس سلسلے میں خط بھی روانہ کیا ہے ۔
مختار عباس نقوی نے حج کمیٹی آف انڈیا کاموبائل ایپلی کیشن لاؤنچ کرتے ہوئے حج امور سے متعلق تمام کام کاج کو ڈیجیٹل طریقہ پر کرنے کا نیا آغاز کیا ہے ۔ جس کا مقصد سفر حج کے لیے آن لائن درخواست دینے کے عمل کو فروغ دیا جانا ہے ۔ ممبئی میں واقع حج ہاؤس میں موبائل ایپلی کیشن لانچ کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ مرکزی وزارت اقلیتی امور بھی ڈیجیٹل انڈیا کی مہم کے ساتھ مکمل طور پر وابستہ ہو کر اس کو مزید مستحکم کر رہی ہے ۔ ہماری وزارت نے اس بار حج درخواست کے عمل کو آن لائن کر دیا ہے۔ مرکزی حکومت نے۲۰۱۷؍ کو سفر حج پر جانے والے خواہشمندوں کی طرف سے آن لائن درخواست دینے کے عمل کی بڑے پیمانے پر حوصلہ افزائی کررہی ہے تاکہ آسانی اور شفافیت کے ساتھ لوگ آئندہ سفر حج کیے لیےدرخواست دے سکیں۔حج کمیٹی آف انڈیا موبائل اپلی کیشن گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔ نقوی نے کہا کہ اس اپلی کیشن کا آغاز ہونے سے عازمین کو آن لائن درخواست داخل کرنے میں بڑی سہولت ہوگی۔ حج ۲۰۱۷؍ کی درخواست دینے کے عمل کا اعلان ہو گیا ہے اور ۲؍جنوری سے اس کے لیے درخواستیں وصول کی جانے لگی ہیں۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ ۲۴؍جنوری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کے لیے درخواست، پوچھ تاچھ اور اطلاع، حج سے متعلق تازہ ترین سرگرمیوں کی تفصیلات اور ای۔ ادائیگی اس اپلی کیشن کی اہم خصوصیات ہیں۔ اس اپلی کیشن کی کے ذریعے پانچ بالغ اور دوبچے ایک گروپ کے طور پر درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست کی پی ڈی ایف کاپی درخواست کنندہ کو میل کے ذریعے بھیجی جائے گی جسے درخواست دہندہ گان کو بعد میں تصویر لگا کر اسٹیٹ حج کمیٹی کو بھیجنا ہوگا۔ اس اپلی کیشن سے رجسٹریشن کی فیس بھی آن لائن ادا کی جا سکے گی۔مرکزی وزیر نے کہا گزشتہ ماہ وزارت اقلیتی امور نے حج محکمہ کی نئی ویب سائٹ لاؤنچ کی تھی۔ یہ ویب سائٹ ہندی، اردو اور انگریزی زبانوں میں ہے ۔ اس میں حج سے متعلق تمام تفصیلات درج ہیں۔ اس ویب سائٹ سے بھی سفر حج پر جانے والے مسافروں کو آن لائن درخواست دینے میں بڑی مدد ملے گی۔ اس ویب سائٹ میں اقلیتی وزارت، حج محکمہ، سفر حج سے متعلق مختلف قوانین، حج کمیٹی آف انڈیا، پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئی ہے ۔ ساتھ ہی حج کے دوران ارکان حج سے متعلق معلومات درج ہیں ۔ اس ویب سائٹ میں ان تمام معلومات پر مبنی فلم بھی دستیاب ہے۔آئندہ حج کے لیے عازمین کے لیے نقد رقم کے ساتھ ساتھ آن لائن، کریڈٹ ؍ ڈیبٹ کارڈ سے درخواست فیس جمع کرنے کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔مختار عباس نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت اور حج کمیٹی آف انڈیا نے حج ۲۰۱۷؍کے لیے قبل از وقت تیاریاں شروع کر دی ہیں تاکہ عازمین کو ان کے سفر میں کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔ نقوی نے کہا کہ ہم نے حج ۲۰۱۷؍کے لیے ملک بھر سے موصولہ مختلف تجاویز کی بنیاد پر سعودی عرب کی حکومت اور حج سے متعلق ہندستان کی مختلف ایجنسیوں سے بات چت شروع کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری ہوا بازی کی وزارت کے حکام سے بھی کہا گیا ہے کہ عازمین حج کو جدید سہولتوں سے لیس طیارے دستیاب کرائے جائیں۔ موبائل اپلی کیشن کی لاؤنچنگ کے موقع پر حج کمیٹی آف انڈیا چیئرمین چودھری محبوب علی قیصر، حج کمیٹی کے چیف ایکزیٹیو آفیسر (سی ای او) عطاالرحمن اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

Please follow and like us:
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Facebook Auto Publish Powered By : XYZScripts.com