ٹی وی پروگرام … سوال آ پ کے …؟

ٹی وی پروگرام … سوال آ پ کے …؟
اس تحریرسے لطف لیا جائے ، ہم معذرت کے ساتھ اسے مزاحیہ تحریرکی شکل میں خوش ذوق قارئین کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں، ضروری نہیں کہ حقیقت میں ایسا ہوتا ہو ، مگر کچھ ایسا بھی ہوتا ہے ، جس کی جھلک اس تحریر میں محسوس ہوگی ۔ بات اگر دل کو لگے ، تو لائک اور شیئر ضرور کیجیے ۔

٭ اکثر ٹی وی پر براہ راست دکھائے جانے والے پروگرام میں ایک پروگرام کچھ ایسا ہوتا ہے کہ… سامعین فون کر کے سوال کرتے ہیں اور ناظم پروگرام جواب دیتے ہیں ۔ ناظم پروگرام سائل کے سوال کو سنتا ہے ، سمجھتا ہے، دوہراتا ہے، تصدیق کرتا ہے اور یقین دلاتا ہے کہ اسی پروگرام میں جواب دیا جائے گا اور اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ کئی سوال جمع کر کے ایک وقفہ ( کمر شیل بریک اشتہارات کے لیے ) لیا جاتا ہے … اشتہارات کے بعد پھر جواب دیا جاتا ہے ۔ یہاں ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے اس قسم کے ایک پروگرام کی جھلک پیش کر رہے ہیں ۔
پروگرام شروع ہوتے ہی ناظم (اینکر) آداب و تسلیمات کے بعد یوںفرماتے ہیں… ’’ محترم ناظرین، آپ دیکھ رہے ہیں پروگرام ’’ سوال آپ کے ؟ ‘‘ آپ کا یہ میزبان نسیم ناروی آپ کی خدمت میں حاضر ہے ۔ اس پروگرام میں آپ کے سوالوں کے جواب دینے کے لیے میزبان بھی حاضر ہیں ۔ لیجیے ایک کال آ رہی ہے۔ دیکھتے ہیں … ’’ السلام علیکم ! السلام علیکم … اوہ، لائن ڈراپ ہو گئی … میں آپ کو یہ بتا رہا تھا کہ آج ہمارا موضوع ہے ’’تجارت ‘‘ … تو ناظرین سے گزارش ہے کہ تجارت کس طرح شرع کی جائے اور کس طرح کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے ، اس تعلق سے سوالات پوچھ کر اپنے اور دیگر ناظرین کے علم میں اضافہ کریں …’’ السلام علیکم … ہاں فرمائیں کون اور کہاں سے ؟‘‘
کالر کی آواز ’’ جی … میں رافعہ بول رہی ہوں … جبل پور سے … السلام علیکم … بھائی، نسیم بھائی آ پ کیسے ہیں ؟
اینکر : ’’ الحمداﷲ،میری بہن، خیریت سے ہوں … آپ دیکھ رہی ہیں ، سوال کیجیے ۔ ‘‘ بھائی تمام ناظرین کو میرا سلام ۔ ( اینکر اورمیزبان جواب دیتے ہیں ) وعلیکم السلام ۔ محترمہ سوال کیجیے ۔
کالر کی آواز: نسیم بھائی ، مجھے دراصل یہ پوچھنا تھا کہ ……… لائن ڈراپ ہو گئی
اینکر : چلیے ایک اور کال دیکھتے ہیں … السلام علیکم ، السلام علیکم … کون اور کہاں سے ؟
کالر کی آواز: ’’ بھائی میں خورشید بول رہا ہوں … ممبئی سے …‘‘
اینکر : جی جناب سوال کیجیے ؟ اور اپنے ٹی وی کی آواز بند کر دیجیے ۔
’’ جناب میں خورشید بول رہا ہوں ممبئی سے … اس پروگرام کے لیے میں آپ کو مبارک باد دیتا ہوں … ‘‘
اینکر : جی شکریہ ! لائن ڈراپ ہو گئی … میں ناظرین سے گزارش کرتا ہوں کہ اگر آپ سوال کر رہے ہوں ، تو اپنے ٹی وی کی آواز بند رکھیں … ورنہ فون پر آپ سے گفتگو نہیں ہو پائے گی … یہاں وقت ہو گیا ہے ایک وقفے کا ، ہمیں یقین ہے آپ کہیں نہیں جائیں گے … ہم ابھی لوٹ کے آتے ہیں … ‘‘
کمرشیل بریک کے بعد پھر سلسلہ شروع ہوتا ہے ، اب تک ناظرین کی جانب سے ایک بھی سوال نہیں پوچھا گیا ۔ صرف لائنیں ڈراپ ہو رہی ہیں ۔ اب دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے اور کس قسم کی کال آ رہی ہے ۔
اینکر 🙁 وقفے کے بعد) آپ کا یہ میزبان حاضر ہے ۔ لیجیے، ایک کال آ رہی ہے ۔ ’’ السلام علیکم ، کون اور کہاں سے ؟ ‘‘
کالر کی آواز : ’’ نسیم بھائی السلام علیکم ! ٹی وی شو میں حاضر میزبانوں کی خدمت میں بھی سلام عرض ہے۔
اینکر اور دیگر میزبان : وعلیکم السلام۔
اینکر : میری بہن کون اور کہاں سے ؟
کالر کی آواز: نسیم بھائی ، میں سارا بول رہی ہوں ممبئی سے ، نسیم بھائی آپ نے جو ڈریس پہنا ہے ، ماشااﷲ بہت جچ رہا ہے ،اس ڈریس میں آپ بہت ہینڈسم لگ رہے ہیں … ‘‘
اینکر : ( ذرا جھینپ کر )جی ، شکریہ میری بہن ، یہ سب محبتیں ہیں آپ کی سوال کیجیے … آج کا موضوع ہے ’ تجارت‘… ناظرین لائن ڈراپ ہو گئی … چلیے ایک کال اور دیکھتے ہیں … السلام علیکم … کون اور کہاں سے …
کالر کی آواز : جی میں ظہیر بول رہا ہوں پونا سے ، آپ کے پروگرام میں پہلی بار میری کال ریسیو ہوئی ہے ، میں ہر سال ٹرائی کرتا ہوں ،میرا سوال تجارت کے لیے بینک لون کے تعلق سے ہے ’’ یہ بتایئے کہ … لائن ڈراپ ہو گئی ۔
اینکر : بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ آپ کا سوال سننے سے قبل وقت ختم ہو جاتا ہے ۔ آپ کے پاس سوال پوچھنے کے لیے ۴۰؍ سیکنڈ ہوتے ہیں لہٰذا وقت کا خیال رکھتے ہوئے صرف سوال کریں ۔ آپ کے سوال آپ کے ساتھ ساتھ ناظرین کے علم میں بھی اضافہ کر سکتے ہیں ۔ اب وقت ہو گیا ہے ایک چھوٹے سے وقفے کا ہمیں یقین ہے کہ آپ کہیں نہیں جائیں گے ، ہم ابھی لوٹ کر آتے ہیں …
اینکر : ناظرین، وقفے کے بعد آپ کا یہ میزبان حاضر ہے … لیجیے ایک اور سوال …
کالر کی آواز : نسیم بھائی، میں نغمہ بول رہی ہوں تھانہ سے ، نسیم بھائی ، پرسوں جو آپ نے سرمئی رنگ کا جوڑا پہنا تھا ، آپ اس میں بہت جچ رہے تھے ماشااﷲ … دوبارہ پہن کر آئیے ۔
اینکر : ( کچھ جھینپ کر )مسکراتے ہوئے، شکریہ میری بہن …سوال کریں … میرا سوال ہے … لائن ڈراپ ہو گئی …

اینکر : ناظرین آج کا ہمارا یہ پروگرام اختتام کو پہنچتا ہے ۔ ہم ناظرین کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان کے سوال اور ہمارے میزبان کے جوابات سے ناظرین کے علم میں اضافہ ہوا … لہٰذا کل پھر اسی وقت حاضر ہوں گے ایک نئے موضوع کے ساتھ ، تب تک کے لیے اپنے میزبان نسیم ناروی کو اجازت دیجیے ۔ اﷲ حافظ …
نوٹ : قارئین اس مضمون کو پڑھنے کے بعد آپ کے علم میں کتنا اضافہ ہوا … ذرا سوچیے ؟ بس اتنا ہی اضافہ ہمارے ناظرین کے علم میں بھی ہوتا ہے ، اس طرح کے پروگرام دیکھ کر … بلکہ اس سے کچھ زیادہ … کیونکہ درمیان میں آنے والے وقفوں میں ، جو اشتہارات ہوتے ہیں ، تیل ، گھی ، شربت ، صابن ، جوشاندہ … وغیرہ یہ آپ نہیں دیکھیں گے ، تو اپنی روزمرہ زندگی کی ضروریات کیسے پوری کریں گے … اس لحاظ سے یہ پروگرام آپ کے علم میں اضافے ساتھ ساتھ آپ کی صحت کا بھی خیال رکھتے ہیں ۔ اپنی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے اور اپنے علم میں اضافے کی خاطر انہیں ضرور دیکھا کیجیے ۔ ٭٭

٭شیریںدلوی

Please follow and like us:
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Facebook Auto Publish Powered By : XYZScripts.com