طلبینہ بنانے کی آسان ترکیب ، صرف دس منٹ میں بنا لیجیے

طلبینہ بنانے کی آسان ترکیب ، صرف دس منٹ میں بنا لیجیے

 

کھانا بنانا بھی ایک آرٹ ہے ، خوش رنگ اور خوش ذائقہ کھانا سب ہی پسند کرتے ہیں ، مگر لطف تب آتا ہے ، جب اسے ہم خود بناتے ہیں اور کھانے والوں کی زبان سے ایک بار ادا ہو جائے ’واہ‘ ، تو محنت وصول ہو جاتی ہے ۔ خوش رنگ ، لذیذ اور صحت بخش کھانا بنانا ہندستانی تہذیب میں شامل ہے ۔ ہاں اگر آج کے تیز رفتار دور کے ساتھ ہم کم وقت میں جھٹ پٹ کچھ بنا لیں ، تو سونے پہ سہاگہ ۔ رمضان میں اکثر سحری سے زیادہ افطاری کے پکوان پر توجہ دی جاتی ہے ، یہاں ہم اردو نیوز ایکسپریس کے قارئین کی خدمت میں ایسے ہی پکوان کی ترکیب روزانہ پیش کریں گے ، امید ہے آپ ضرور اسے جھٹ پٹ بنائیںگے اور لطف اندوز ہوں گے ۔ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا ۔ ہماری بہنیں بھی اس میں شریک ہو سکتی ہیں ۔ کوئی خاص اور بہترین پکوان کی ترکیب لکھ کر بھیج سکتے ہیں ۔
آج کم وقت میں بہترین طلبینہ بنانے کی ترکیب پیش کر ہی ہیں ،شیزہ صدیقی ۔

طلبینہ کا ذکر طب نبویﷺ میں آتا ہے ۔ جو سے بنائی جانے والی یہ کھیر صحت کے لیے انتہائی مفید ہے ۔اس کے استعمال سے ہیمو گلوبین تیزی سے بڑھتا ہے ، جسم مضبوط اور صحت مند رہتا ہے ۔ کمزور یا بیمار انسان کو کھلانے سے اس کی کمزوری تیزی سے دور ہوتی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ذہنی دباؤ یا غم کے بوجھ سے دبے ہوئے انسان کو کھلانے سے وہ ہشاش بشاش ہو جاتا ہے ۔ بچوں کو کھلانے سے ان کی صحت تو اچھی رہتی ہی ہے حافظہ بھی تیز ہو جاتا ہے ۔اسے اگر روزانہ اپنی زندگی میں شامل کر لیا جائے ، تو بہت سی دواؤں سے نجات مل سکتی ہے ۔ بستر پر پڑے مریض کو کھلانے سے وہ صحت یاب ہو سکتا ہے ۔بہر حال اس کے فوائد بہت ہیں ۔طلبینہ کے فوائد کا تذکرہ ہو گیا اب اسے بنانے کی ترکیب ملاحظہ فرمائیں ۔

دودھ : ایک لیٹر
جو : ایک کپ
کھجور : ۱۰؍عدد
شہد : ایک بڑا چمچہ
بنانے کی ترکیب : جو کو صاف کر کے آدھے گھنٹ کے لیے پانی میں بھگو دیجیے ۔ آدھے گھنٹے بعد دودھ کو ابالنا شروع کیجیے ، جب دودھ میں ابال آ جائے ، تو بھیگے ہوئے جو یا جئی اس میں شامل کر لیجیے ۔ تقریبا ۳۵؍ سے ۴۵؍ منٹ پکائیں اور پکانے کے دوران چمچہ مسلسل چلاتے رہیں ۔ اس کے بعد اس میں کھجور کا باریک کر کے ڈال دیں ۔ تھوڑا پکنے کے بعد شہد ملا کر چولہے سے اتار لیجیے ۔ طلبینہ تیار ہے ، اگر آپ چاہیں ، تو اس میں کٹے ہوئے بادام پستے بھی اوپر سے ڈال سکتے ہیں۔ اسے اگر جھٹ پٹ بنانا ہے ،تو جو یا جئی کے بجائے اوٹس لیجیے ، ایک لیٹر دودھ میں ،۲۰۰؍ گرام اوٹس ابا ل لیجیے اور پھر اسی طرح کھجور اور شہد شامل کیجیے دس منٹ میں طلبینہ تیار ۔ یہ ہوا جھٹ پٹ اور آسان کام ۔

شیزہ صدیقی

Please follow and like us:
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Facebook Auto Publish Powered By : XYZScripts.com