سبز قیمہ،

سبز قیمہ

شیزہ صدیقی کے کچن  سے

کھانا بنانا بھی ایک آرٹ ہے ، خوش رنگ اور خوش ذائقہ کھانا سب ہی پسند کرتے ہیں ، مگر لطف تب آتا ہے ، جب اسے ہم خود بناتے ہیں اور کھانے والوں کی زبان سے ایک بار ادا ہو جائے ’واہ‘ ، تو محنت وصول ہو جاتے ہے ۔ خوش رنگ ، لذیذ اور صحت بخش کھانا بنانا ہندستانی تہذیب میں شامل ہے ۔ ہاں اگر آج کے تیز رفتار دور کے ساتھ ہم کم وقت میں جھٹ پٹ کچھ بنا لیں ، تو سونے پہ سہاگہ ۔ رمضان میں اکثر سحری سے زیادہ افطاری کے پکوان پر توجہ دی جاتی ہے ، یہاں ہم اردو نیوز ایکسپریس کے قارئین کی خدمت میں ایسے ہی پکوان کی ترکیب روزانہ پیش کریں گے ، امید ہے آپ ضرور اسے جھٹ پٹ بنائیںگے اور لطف اندوز ہوں گے ۔ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا ۔ ہماری بہنیں بھی اس میں شریک ہو سکتی ہیں ۔ کوئی خاص اور بہترین پکوان کی ترکیب لکھ کر بھیج سکتے ہیں ۔
آج سبز قیمہ کی ترکیب بھیجنے والی کا نام ہے ، شیزہ صدیقی ۔

آج بنائیے
سبز قیمہ
سبز قیمہ بنانے کے لیے اشیا :
بیف یا بکرے کا گوشت : ۵۰۰ گرام
پیاز : باریک کٹی ہوئی دو پیالی
ادرک پسی ہوئی : ایک چائے کا چمچہ
لہسن پسی ہوئی : ایک چائے کا چمچہ
ہری مرچ پسی ہوئی : ایک چائے کا چمچہ
دھنیا کی پتی پسی ہوئی : ایک چائے کا چمچہ
گرم مصالحہ : آدھا چائے کا چمچہ
ہلدی پاؤڈر : آدھا چائے کا چمچہ یا اس سے بھی کم
مٹر کی پھلیاں : ۵۰۰ گرام مٹر کے دانے نکال لیجیے
سویا کی بھاجی َ ایک گڈی یا پاؤ کلو کے قریب
تیل ؛ ۱۵۰ گرام یا تین بڑے چمچے
ّآدھے لیمو کا رس
نمک : حسب ذائقہ
بنانے کی ترکیب :
کڑھائی یا کھلے برتن میں تیل ڈال دیجیے ، ہلکا گرم ہونے پر کٹی ہوئی پیاز ڈال دیں ، جب پیاز ہلکی سنہری ہونے لگے ، تو قیمہ ڈال کر خوب چلائیں ، دھیرے دھیرے قیمہ میں پانی چھوٹنے لگے گا ، اسی وقت ادرک ،لہسن اور ہری مرچی کا پیسٹ ڈال کر چلائیں ساتھ ہی ہلدی پاوڈر، گرم مصالحہ پاوڈر اور نمک بھی شامل کر لیجیے ، دو منٹ کے بعد مٹر بھی ڈال دیجیے اور تھوڑی دیر ڈھک کر دھیمی آنچ پر پکائیں ، جب پانی سوکھنے لگے ، تو تھوڑا بھون کر اس میں ایک کپ گرم پانی ڈال دیجیے ، اور دس منٹ کے لیے ڈھک کر پکائیں ، اب آپ دیکھیں گے کی مٹر کے دانے اور قیمہ گل چکا ہوگا ، اس وقت ہرا دھنیا کا پیسٹ شامل کر کے اسے چلائیں ، لیمو کا رس ڈال دیں اور پھر سویا کی بھاجی اوپر سے ڈال کر ڈھک دیجیے ۔ پانچ منٹ کے بعد آنچ بند کر دیجیے ۔ سبز قیمہ تیار ہے ، اس کے ساتھ گرم گرم پراٹھے ضرور اچھے لگیں گے ۔
اس قیمہ میں سرخ مرچیں یا ٹماٹر ہر گز نہیں شامل کیا جاتا ہے ، تاکہ اس کا سبز رنگ برقرار رہے ۔

شیزہ صدیقی

Please follow and like us:
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Facebook Auto Publish Powered By : XYZScripts.com